بھٹکل 10 اگست (ایس او نیوز)بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر جناب عبدالسلام دامداابو کے ہاتھوں آج بدھ کو بھٹکل انجمن انجینرنگ کالج میں آٹومیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا جس کے لئے کم و بیش 12 لاکھ روپیوں کی لاگت آئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر جناب محمد صادق پلور نے بتایا کہ انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ المعروف انجمن انجینرنگ کالج کے لیب کو وقتاً فوقتاً آپ گریڈ کرنا ضروری ہوتا ہے اور نت نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کومکمل معلومات فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج کے میکانیکل انجینرنگ کے شعبہ کے اس لیب کوجدید آٹومیشن سینٹر سے آپ گریڈ کیا گیا ہے جس کو بھٹکل کمیونٹی جدہ نے اسپاونسر کیا تھا۔ اس کے ساتھ جدہ جماعت کی جانب سے سیویل انجینرنگ شعبہ کے لیب میں سروے کرنے کے جدید آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں جس کی مدد سے نت نئی ٹیکنالوجی ک کے آلات کے ذریعے طلبہ کو روشناس کرانے میں کافی مدد ملے گی۔
جناب صادق پلّور صاحب نے بتایا کہ انجمن کے فارغین الحمدللہ گلف کے مختلف ملکوں اور شہروں میں برسرروزگار ہیں اور انجمن انجینرنگ کالج کو آپ گریڈ کرانے میں بھرپورمالی تعاون پیش کررہے ہیں، مزید بتایا کہ اس سے قبل دبئی میں مقیم نمائندگان انجمن نے بھی مختلف آلات فراہم کرتے ہوئے لیب کوآپ گریڈ کرانے میں مالی تعاون پیش کیا تھا، اسی طرح بھٹکل کے بزنس ٹائیکون اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن مُںیری بھی حال ہی میں انجمن انجینرنگ کالج کوآپ گریڈ کرانے مالی تعاون فراہم کرچکے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجمن انجینرنگ کالج بورڈ کے سکریٹری جناب محی الدین رکن الدین نے بتایا کہ اس سے قبل ابنائے انجمن کے ممبران انفرادی طور پرمالی تعاون پیش کرتے رہے ہیں، مگر پہلی بار ایک جماعت نے سامنے آکر کالج لیب کو آپ گریڈ کرانے میں بڑا مالی تعاون پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پرانجمن کی مدد کرنے والے تمام اراکین سمیت بھٹکل کمیونٹی جدہ کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ جدہ جماعت کے سامنے آنے کے بعد گلف کی دیگر جماعتیں بھی اس طرز پر آئندہ اپنا تعاون پیش کریں گے اور انجمن انجینرنگ کالج کو وقتاً فوقتاً آپ گریڈ کرانے بھرپور ساتھ دیں گے۔
انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کے پرنسپل ڈاکٹر فضل الرحمن نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مکانیکل اور سول انجینئرنگ کے طلباء کے لیے آٹومیشن سینٹر اولین اہمیت کا حامل ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری، انجمن پرائمری بورڈ سکریٹری جناب آصف دامودی سمیت دیگر اراکین انتظامیہ و دیگر لیکچررس و اسٹاف موجود تھے۔ اسی طرح جدہ جماعت کے صدر عبدالسلام دامداابوسمیت اراکین انتظامیہ عُبیداللہ عسکری، ریحان کوبٹے، قمر سعدا، مُذکر عسکری اور گلف کے دیگر شہروں کے اراکین جناب ابراہیم قاضیا، یونس قاضیا، ڈاکٹر اسماعیل قاضیا،عتیق الرحمن مُںیری، عبدالسمیع کولا وغیرہ موجود تھے۔